’واوا کارز‘ نے پاکستان میں اپنی سروس کو مستقل طور پر بند کرنے کااعلان کردیا

استعمال شدہ گاڑیوں کی خریدوفروخت کے آن لائن پلیٹ فارم ’واوا کارز‘ نے پاکستان میں اپنی سروس کو مستقل طور پر بند کرنے کااعلان کردیا۔

اپنی ویب سائٹ پر آویزاں ایک پیغام میں ترکیہ کے آن لائن تجارتی پلیٹ فارم واوا کارز کی جانب سے کہا گیا کہ ’آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ ہم نے پاکستان میں اپنی سروس مستقل طور پر بند کر دی ہے‘۔

واواکارز کی یہ بندش حالیہ ہفتوں میں عملے کی برطرفی اور سروس کی معطلی سمیت کئی نمایاں ای کامرس پلیئرز کی جانب سے مکمل بندش کے اعلان کے بعد عمل میں آئی ہے۔

ڈچ سے تعلق رکھنے والے توانائی کے بڑے ادارے ’وٹول‘ کے تعاون سے واواکارز نے چند برس قبل مقامی سطح پر سروس فراہم کرنے کا آغاز کیا تھا، اکتوبر 2021 میں واواکارز نے سیریز بی راؤنڈ میں 5 کروڑ ڈالر تک اکٹھا کیا۔

واوا کارز نے 2019 کے آغاز میں منعقدہ سِیڈ راؤنڈ میں بھی رقم اکٹھی کی تھی جس کا تخمینہ نامعلوم ہے۔

8 ماہ قبل ’سیریز بی راؤنڈ‘ کے وقت واواکارز نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 10 ہزار سے زائد گاڑیوں کی خریدوفروخت کی ہے اور ترکیہ اور پاکستان میں ملازمین کی ٹیم میں 300 افراد کا اضافہ کر دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وہ اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد کے مجموعی تجارتی حجم کے ساتھ ترقی کررہی ہے، یہ ایک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا ای کامرس انڈیکیٹر ہے جو کسی ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کی جانے والی پروڈکٹس کی قدر کی پیمائش کرتا ہے۔

واوا کارز کے ترجمان سے پاکستان میں آپریشنز کو ختم کرنے کی وجہ اور اس فیصلے کے سبب ملازمتوں کے نقصانات کے بارے میں سوال کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، اس بارے میں بھی کوئی وضاحت تاحال سامنے نہیں آئی کہ کمپنی ترکیہ میں اپنا کام جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے یا نہیں۔

پاکستان کا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ایک ہنگامہ خیز دور سے گزر رہا ہے، اسٹارٹ اپس میں دل کھول کر سرمایہ کاری کرنے والے عالمی سرمایہ کار اب اعلیٰ درجے کی نمو کی بجائے فوری بریک ایون کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔

Read Previous

نیٹو کے سربراہ اجلاس میں سویڈن اور فن لینڈ کی اتحاد میں شمولیت کے امکانات ختم

Read Next

اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح پر لے جانے کے خواہش مند ہیں، ترک وزیر خارجہ

Leave a Reply