![](https://www.turkeyurdu.com/wp-content/uploads/2021/02/David-Satterfield.jpg)
ترکی میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ سیٹرفیلڈ نے کہا ہے کہ ترکی کے ساتھ مضبوط اور کامیاب تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے کاروباری تعلقات میں نئی امریکی انتظامیہ کے آنے سے مزید فروغ حاصل ہو گا۔
انقرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ کئی بڑی کمپنیوں نے ترکی میں اپنے پلانٹس لگائے ہیں۔ امریکہ ترکی کے ساتھ مزید کئی شعبوں میں تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں کام کرنے والی امریکی کمپنیاں یہاں تیار ہونے والے مال کو یورپ، وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو برآمد کر رہی ہیں۔
اس وقت ترکی میں 1700 امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جہاں 78 ہزار افراد کو روزگار مل رہا ہے۔ ان کمپنیوں کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 31 ارب ڈالر سے زائد ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ ترکی اور امریکہ کے تجارتی تعلقات دیرینہ ہیں۔ دونوں ملکوں کے تاجروں کی یومیہ بنیادوں پر ملاقاتیں ہوتی ہیں اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کو وسیع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال پر امریکہ اور ترکی کے سیاسی تعلقات اتار چڑھاوٗ کا شکار رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں کے کاروباری اور تجارتی تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔