اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی نے اس سال ستمبر میں اپنے 75 ویں سالانہ اجلاس کی صدارت کیلئے تُرکی کے سابق سفارتکار وولکان بوزکر کو صدر منتخب کر لیا ہے۔ تُرک سفارتکار کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے 178 ووٹ ملے۔ 11 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وولکان بوزکر نے تمام ممالک کو شکریہ ادا کیا جنہوں نے ووٹ کے ذریعے صدر منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس میں بین الاقوامی امن کی کوششوں کو تیز کرنا انتہائی ضروری ہے۔ 40 سال سے زائد سفارتکاری کا تجریہ رکھنے والے وولکان بوزکر اس وقت ترکی کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے قانون سازی بورڈ کے سربراہ ہیں۔ وہ ترک پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے بھی صدر ہیں۔ 2011 میں اپنی 40 سال کی سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد صدر طیب اردوان نے انہیں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کی قانون ساز کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ وہ امریکہ، عراق، بخارہ اور کئی دیگر ممالک میں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ یورپی امور میں تُرک وزیر اور چیف مذاکرات کار بھی رہ چکے ہیں۔وہ پہلے تُرک شہری ہیں جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ ستمبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے اور ایک سال تک جنرل اسمبلی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ گذشتہ سال 17 ستمبر کو تُرک صدر طیب اردوان نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وولکان بوزکر کا نام صدر کیلئے تجویز کیا تھا۔