متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ حالیہ طے پانے والا ویزہ فری معاہدہ یکم جولائی تک معطل کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے فری ویزہ معاہدے کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے لئے فی الحال عارضی پابندی عائد کی ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم جولائی تک صورتحال کو دیکھا جائے گا جس کے بعد ویزہ فری معاہدہ پر دوبارہ عمل درآمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہو گا۔
معاہدے کی معطلی کے بعد اب اسرائیلی شہریوں کو یو اے ای آنے کے لئے ویزہ حاصل کرنا پڑے گا اور اسی طرح یو اے ای کے شہریوں کو بھی اسرائیل کے سفر کے لئے پیشگی ویزہ لینا ہو گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات قائم ہونے کے بعد سے اب تک ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے یو اے ای کا رخ کیا تھا۔ اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ 15 ستمبر کو ہوا جس کے بعد بحرین اور اب مراکش نے بھی اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے