ترکیہ نے پیر کے روز اس اہم کردار پر زور دیا جو بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کے بارے میں اپنی مشاورتی رائے کے لحاظ سے ادا کر رہی ہے۔
عالمی عدالت کی تازہ ترین سماعتوں کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ احمد یلدز نے غیر قانونی قبضے کے خلاف ترکیہ کے سخت مؤقف پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور خطے میں انسانی ہمدردی کے مسائل کو دور کرنے کے لیے ملک کے عزم کا اشارہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشاورتی رائے ہمارے اور عالمی برادری کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے قبضے کو طول دینے اور فلسطین کو تبدیل کرنے کی مسلسل کوششوں کے بارے میں ترکیہ کے خدشات کا اعادہ کیا، خاص طور پر یروشلم کے حوالے سے، اور غزہ میں جنگ بندی کے حصول اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کی اہمیت پر بھی زر دیا۔
یلدز نے تنازعہ کی شدت میں اسرائیل کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے قبضے کے مذاکراتی خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی جے کی مشاورتی رائے عالمی برادری کے سامنے اس بات کا اعادہ کرے گی کہ مسئلہ فلسطین کی جڑ قبضے میں ہے، جس میں سفارتی ذرائع سے مستقل حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا جائے گا۔
ہمیں امید ہے کہ نئے اقدامات اور عالمی برادری کے دباؤ سے کچھ نتائج برآمد ہوں گے۔
ہم حقیقی طور پر امید کرتے ہیں کہ جنگ بندی کے مذاکرات جلد ہی ایک مثبت نتیجے پر پہنچیں گے، جس سے غزہ کی تعمیر نو اور دیرپا امن کے حصول اور تنازعات کے حل کے لیےحل نکل سے گا۔
ترکیہ کے علاقائی اثر و رسوخ اور فلسطین کے ساتھ تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے یلدز نے فلسطین کی صورت حال جیسے بحرانوں سے نمٹنے میں ملک کے وسیع تجربے کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پرامن مذاکرات کی حمایت کرنے کے لیے ترکیہ کے عزم پر زور دیا اور یروشلم کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کی اور اس طرح کی کارروائیوں کے پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج کا انتباہ دیا۔
اسرائیل نے 7 اکتوبر کو فلسطینی گروپ حماس کی سرحد پار سے دراندازی کے بعد سے غزہ پر ایک مہلک حملہ شروع کر رکھا ہے، جس میں تقریباً 29,800 افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوئی ہے، جب کہ خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً 1,200 اسرائیلی مارے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جنگ نے علاقے کی 85 فیصد آبادی کو خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کے درمیان اندرونی نقل مکانی کی طرف دھکیل دیا ہے، جب کہ 60 فیصد انکلیو کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔
اسرائیل پر عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کا الزام ہے۔ جنوری میں ایک عبوری حکم نے تل ابیب کو نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے اور غزہ میں شہریوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ضمانت دینے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔
تاہم، دشمنی بلا روک ٹوک جاری ہے، اور انسانی تباہی سے نمٹنے کے لیے امداد کی ترسیل بری طرح سے ناکافی ہے۔