Turkiya-Logo-top

2026 تک ترکی میں قدرتی گیس کی فراہمی 80 لاکھ گھروں تک پہنچانے کا ہدف

ترکیہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب تیزی سے پیش رفت، بحیرہ اسود منصوبوں سے گھریلو گیس پیداوار میں نمایاں اضافہ

ترکیہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے ہدف کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے، جہاں بحیرہ اسود میں جاری منصوبوں کے تحت اس وقت تقریباً 40 لاکھ گھروں کی قدرتی گیس کی ضروریات مقامی ذرائع سے پوری کی جا رہی ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق توانائی پیداوار میں مزید توسیع کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت سال 2026 تک یہ صلاحیت بڑھا کر 80 لاکھ گھروں تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ 2028 تک اسے بڑھا کر ایک کروڑ 60 سے 70 لاکھ گھروں تک لے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس ہدف کے حصول کے بعد ملک کی زیادہ تر گھریلو توانائی ضروریات مقامی وسائل سے پوری ہونے کی توقع ہے۔

وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار نے کہا ہے کہ 2026 ترکیہ کے توانائی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم سال ہوگا، جس دوران متعدد بڑے منصوبوں کے عملی نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسکی شہر کے علاقے بیلیک اووا میں نایاب معدنی عناصر کی پیداوار کے لیے ایک بڑا صنعتی منصوبہ 2026 میں شروع کیا جائے گا، جس کی سالانہ پیداوار 5 لاکھ 70 ہزار ٹن ہوگی۔

جوہری توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ اکو یو نیوکلیئر پاور پلانٹ کا پہلا ری ایکٹر 2026 میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا، جبکہ سینوپ اور تھریس میں مزید نیوکلیئر ری ایکٹرز کے قیام پر بھی غور جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بحیرہ اسود سے قدرتی گیس کی پیداوار کو بڑھا کر 95 لاکھ مکعب میٹر سے 2 کروڑ مکعب میٹر روزانہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر توانائی کے مطابق ترکیہ 2026 میں پاکستان میں بھی ڈرلنگ آپریشنز شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ صومالیہ، عراق، شام اور آذربائیجان میں بھی توانائی کے نئے مواقع کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

الپ ارسلان بایراکتار نے کہا کہ 2026 توانائی کے شعبے کے لیے ایک نہایت مصروف اور اہم سال ثابت ہوگا، جس میں متعدد بڑے منصوبے عملی شکل اختیار کریں گے۔

Read Previous

فیلڈ مارشل پاکستان سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے

Read Next

صدر رجب طیب ایردوان کا امن مشن،ایران کشیدگی کم کرنے کے لیے عالمی رابطے جاری

Leave a Reply