
کراچی یونیورسٹی میں ترکیہ کی صدسالہ تقریب کے موقع پر 13 اکتوبر 2023 کو ترکیہ پاکستان تعلقات کے عنوان سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش کا انعقاد یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اینڈ کلچرل سنٹر اور کراچی میں جمہوریہ ترکیہ کے قونصلیٹ جنرل کراچی کے تعاون سے کیا گیا۔
تقریب میں اسلام آباد میں ترکیہ کے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی، متحدہ عرب امارات کے کراچی کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی ، ترک قونصل جنرل کراچی جمال سانگو اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اینڈ کلچر سنٹر اسلام آباد کے کو آرڈینیٹر خلیل طوکار سمیت دیگر معزز مہمان موجود تھے۔
ترک سفیر نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک ترکیہ تعلقات چھ ، سات صدیوں پرانے ہیں، دونوں ممالک کے ادراے ساتھ مل کر کام کر کے تعلقات کو مزید بہتر بنا رہے ہیں ۔
دونوں ملک ایک دوسرے کی مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں،ترکیہ اور پاکستان ہمیشہایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں،ہماری دوستی ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے گی۔ ہم دنیا میں امن کو پھیلانا چاہتے ہیں۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم عراقی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔