Turkiya-Logo-top

ترکیہ اور آرمینیا کے درمیان براہ راست تجارت کی راہ ہموار

ترکیہ اور آرمینیا کے درمیان تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آگئی ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست تجارت شروع کرنے کے لیے تمام سرکاری اور بیوروکریٹک تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور جنوبی قفقاز میں امن کی نئی امیدیں پیدا ہو رہی ہیں۔

ترک وزارت خارجہ کے ترجمان اونجو کیچیلی نے اپنے بیان میں کہا کہ 2022 سے جاری اعتماد سازی اقدامات کے تحت 11 مئی 2026 تک تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اب ترکیہ اور آرمینیا کے درمیان براہ راست تجارت شروع کرنے میں انتظامی سطح پر کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔

ترک حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرحد کھولنے کے لیے بھی تکنیکی اور انتظامی کام جاری ہے۔ اگرچہ زمینی سرحد تاحال مکمل طور پر فعال نہیں، تاہم نئے ضابطے کے تحت اب سامان کی اصل روانگی اور آخری منزل کے طور پر “ترکیہ” اور “آرمینیا” درج کیا جا سکے گا، چاہے تجارت کسی تیسرے ملک کے ذریعے ہی کیوں نہ ہو۔

ترجمان اونجو کیچیلی نے کہا کہ جنوبی قفقاز میں پائیدار امن اور خوشحالی کے تاریخی موقع کے پیشِ نظر ترکیہ خطے میں اقتصادی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ پیش رفت انقرہ اور یریوان کے درمیان تعلقات کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ اسی ماہ ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے یورپی سیاسی برادری کے اجلاس میں شرکت کے لیے آرمینیا کا دورہ بھی کیا، جو تقریباً دو دہائیوں میں کسی اعلیٰ ترک عہدیدار کا پہلا دورہ تھا۔

دورے کے دوران جودت یلماز نے آرمینیائی وزیرِاعظم نکول پاشینیان سے ملاقات کی، جہاں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام نے تاریخی “آنی پل” کی مشترکہ بحالی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔ یہ تاریخی پل، جسے “سلک روڈ برج” بھی کہا جاتا ہے، ترکیہ کے شہر قارص کے قریب دریائے ارپاچائے پر واقع ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

ادھر تعلقات کی بحالی کے اقدامات کے تحت ترک ائیرلائنز نے استنبول اور یریوان کے درمیان براہِ راست پروازیں بھی شروع کر دی ہیں، جبکہ پہلی پرواز رواں سال مارچ میں چلائی گئی تھی۔

ترکیہ اور آرمینیا کے درمیان براہ راست تجارت کی بحالی نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں نئی جان ڈال سکتی ہے بلکہ جنوبی قفقاز میں اقتصادی توازن اور علاقائی استحکام کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

Read Previous

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2: سکاٹ لینڈ اور امریکہ کے درمیان ہائی اسکورنگ اور سنسنی خیز مقابلہ

Read Next

ترکیہ اور بیلجیئم کے دفاعی تعلقات میں بڑی پیش رفت، 9 اہم معاہدوں پر دستخط

Leave a Reply