ترکی کے فلم ساز ہالیت ارباجی نے خلافت عثمانیہ کے پہلے خلیفہ سلیم اول کی زندگی پر ڈرامہ سیریل تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ ڈرامہ سیریل 2023 تک مکمل ہو جائے گی۔
سلیم اول کا خلافت عثمانیہ کے بہادر سپہ سالاروں میں شمار ہوتا ہے۔ ہالیت ارابجی نے کہا کہ اس سے پہلے سلیم اول کی زندگی پر فلم بنانے کے کئی منصوبے شروع کئے گئے لیکن ان میں سے کوئی بھی ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔
ارباجی نے کہا کہ سلطنت عثمانیہ کے کئی سلاطین پر ڈرامہ سیریلز تیار کئے گئے جن میں سلطان محمد دوم المعروف محمد فاتح اور سلیمان شامل ہیں لیکن سلیم اول پر تیار کئے گئے تمام پروجیکٹس نامکمل رہے۔ سلیم اول پر ڈرامہ سیریل کی تیاری کے لئے اداکاروں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیم اول کو دنیا بھر میں متعارف کروایا جائے گا۔ ان کی زندگی میں مملوکوں اور حجاز کی جنگوں کو خاص اہمیت دی جائے گی۔
اراباجی نے کہا کہ سلیم اول کی زندگی کے واقعات کے لئے تاریخ دانوں کی ایک ٹیم بنا دی گئی ہے اور فلم انڈسٹری کے ماہر افراد کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو اس ڈرامہ سیریل کو تیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچپن سے انہیں تاریخ کا شوق تھا اور اس پر ان کی خود بھی کافی ریسرچ ہے۔
سلطنت عثمانیہ کے پہلے خلیفہ سلیم اول نے 1512 سے 1520 تک حکمرانی کی۔ صرف آٹھ سال کی حکمرانی میں سلیم اول نے سلطنت عثمانیہ میں ڈھائی گنا اضافہ کیا اور سلطنت کا دائرہ حجاز سے مصر تک وسیع کیا۔ وہ اپنے دور کے بہادر سپہ سالار تھے جنہوں نے اس وقت کے مضبوط مملکوک شہنشاہ کو شکست دی اور صرف دو سال میں سلطنت کے دائرہ کو وسیع کیا۔
سلیم اول کے بیٹے سلیمان نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کئی علاقے فتح کئے۔
سلیم اول خلافت عثمانیہ کے پہلے خلیفہ تھے جو خادم حرمین شریفین تھے۔