turky-urdu-logo

فلسطین میں اسرائیلی جرائم کی باقاعدہ تحقیقات کا اعلان

بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کرمنل کورٹ) نے فلسطین میں اسرائیلی جرائم کی باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بینسوڈا نے کہا ہے کہ اسرائیل کی سخت مخالفت کے باوجود فلسطین میں ہونے والے جرائم کی تحقیقات ہر صورت کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جرائم کے خلاف تحقیقات آزادانہ، شفاف، غیر جانبدار اور کسی بھی خوف اور دباؤ کے بغیر مکمل کی جائیں گی اور ان تحقیقات کو حتمی نتیجے پر پہنچایا جائے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال کا مکمل احترام کرتے ہوئے تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اسرائیلی جرائم کے خلاف تحقیقات بین الاقوامی فوجداری عدالت کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مکمل کی جائیں گی۔ یہ تحقیقات 13 جون 2014 سے شروع کی جائیں گی۔

فلسطینی اتھارٹی نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے تحقیقات کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینیوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں عالمی برادری انصاف فراہم کرے۔ یہ فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے کہ انترنیشنل کرمنل کورٹ اسرائیلی جرائم کا پردہ چاک کرے اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرے۔ فلسطینی تنظیم حماس نے بھی انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔ اس سے فلسطینیوں کے زخموں کو بھرنے میں مدد ملے گی اور انہیں انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مزاحمت قانونی ہے اور ہمیں فلسطینیوں کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ دنیا کے تمام قوانین قانونی مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں۔

Read Previous

خلافت عثمانیہ کے پہلے خلیفہ اور خادم حرمین شریفین سلیم اول کی زندگی پر ڈرامہ سیریل بنانے کا اعلان

Read Next

ترکی میں کورونا وائرس کی صورتحال

Leave a Reply