ترک صدر رجب طیب ایردوان نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کا صدر منتخب ہونے پر ایرسین تاتار کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر سے جاری کردہ پیغام میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ “شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کا صدر منتخب ہونے پر میں اپنی طرف سے اور ترک قوم کی طرف سے جناب ایرسین تاتار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ترکی، قبرصی ترک عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے ہر ضروری کوشش کو جاری رکھے گا”۔
بعد ازاں انہوں نے صدر ایرسین تاتار کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا۔
صدارتی دفتر محکمہ مواصلات کے مطابق مذاکرات میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ قبرصی ترکوں نے پوری دنیا کے سامنے ایک دفعہ پھر اپنی جمہوری روایات کو ثابت کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ایرسین تاتار کی زیرِ صدارت شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی حق و عدالت کی جدوجہد اعتماد اور کامیابی کے ساتھ جاری رہے گی۔ایرسین تاتار کے وزارت اعظمیٰ دور میں مشرقی بحیرہ روم میں ہائیڈرو کاربن کاروائیوں اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی ترقی سمیت ہر شعبے میں ہمارے درمیان جس ہم آہنگ تعاون کا مظاہرہ ہوا وہ اسی افہام و تفہیم کے ساتھ جاری رہے گا۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ آنے والے ادوار میں بھی ترکی اور شمال قبرصی ترک جمہوریہ مسئلہ قبرص کے حل کی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔