Turkiya-Logo-top

ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میتن توکیل کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

ترکیہ کی بری افواج کے کمانڈر جنرل میتن توکیل نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر ترک کمانڈر کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔

جنرل میتن توکیل نے اپنے دورے کے دوران نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی، جہاں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ترک بری افواج کے کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔

ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Read Previous

یوٹیوب سے شہرت پانے والے نوجوانوں نے ہالی ووڈ کو حیران کر دیا!

Read Next

مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثہ، شہداء کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت

Leave a Reply