
استنبول: ترکی اردو کے پولیٹیکل ایڈیٹر حسن عبداللہ کی رپورٹ
ترکی کے انٹیلی جنس ادارے مِت نے اردن کے ایک شہری احمد الاصتال کو گرفتار کر لیا ہے۔ احمد الاصتال کو ترکی میں اخوان المسلمین اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
احمد الاصتال کے ساتھ اس کے چار ساتھی ابو علی، ابو فارس، ابو سہیل اور ابو راشد بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔یہ چاروں لوگ احمد الاصتال کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
احمد الاصتال کی جاسوسی کا بنیادی ہدف اخوان المسلمین اور اماراتی شہری تھے۔
احمد الاصتال 2013 میں ترکی آیا۔ ملزم نے اپنے آپ کو ایک تفتیشی صحافی اور رائٹر ظاہر کیا۔ ابتدا میں احمد الاصتال نے اخوان المسلمین کے اداروں کے لئے کام کیا اور ان کی معلومات اکٹھی کیں لیکن وہ انہیں کے خلاف جاسوسی کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق احمد الاصتال کو ماہانہ 2700 ڈالر متحدہ عرب امارات سے موصول ہو رہے تھے۔ 2013 میں ترکی آنے سے پہلے احمد الاصتال کو 11000 ڈالر دیئے گئے تھے۔ اسی سال اسے ڈیڑھ لاکھ ترکش لیرا فراہم کئے گئے تاکہ وہ ترکی کے شہر سکارایہ میں رہائش کے لئے ایک اپارٹمنٹ خرید سکے۔
ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ ترکی میں متحدہ عرب امارات کے لئے جاسوسی کرنے والا ایک بڑا نیٹ ورک سامنے آئے گا۔