Turkiya-Logo-top

اسلام آباد ترک سفارت خانے میں 15 جولائی یومِ جمہوریت و قومی یکجہتی کی دسویں برسی پر تقریب، پاکستان کی ترکیہ سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

اسلام آباد: ترکیہ کے سفارت خانے میں 15 جولائی یومِ جمہوریت و قومی یکجہتی کی دسویں برسی کے موقع پر ایک پروقار یادگاری تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کی میزبانی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے کی۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات دوست اور برادر ممالک کے سفیروں، سفارتی شخصیات، ترک شہریوں اور پاکستان میں خدمات انجام دینے والے مختلف ترک اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 15 جولائی 2016 کو ترکیہ کے عوام کی جمہوریت کے دفاع کے لیے دی جانے والی تاریخی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے برادرانہ تعلقات کا عملی ثبوت دیا اور آج بھی دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور یہ لازوال رشتہ آئندہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے کہا کہ 15 جولائی 2016 ترک قوم کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن دن تھا، جب لاکھوں شہریوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر جمہوریت، آئین اور قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے میدان میں آ کر بغاوت کی سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ترک قوم اپنے شہداء کو ہمیشہ رحم و مغفرت اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھتی ہے جبکہ غازیوں کی قربانیوں کو بھی کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ترک سفیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 15 جولائی کی ناکام بغاوت کے دوران پاکستان نے ہر سطح پر ترکیہ کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور بعد ازاں دہشت گرد تنظیم فیتو (FETÖ) کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب میں ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (TİKA)، یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ، ترکیہ معارف فاؤنڈیشن، ترکش ایئر لائنز، ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن، دیانت اور پاکستان میں خدمات انجام دینے والے دیگر ترک اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جو تعلیم، ثقافت، سماجی بہبود، مذہبی خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی روابط کے فروغ کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر 15 جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور غازیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی، باہمی اعتماد اور ہر شعبے میں تعاون مستقبل میں بھی اسی مضبوطی کے ساتھ فروغ پاتا رہے گا۔

Read Previous

حجاب کی جیت۔۔ امینہ ایردوآن کا سفرِ عزت ..

Read Next

15جولائی 2016 : ایک ترک خاندان کی آپ بیتی

Leave a Reply