turky-urdu-logo

ترک وزیر دفاع کی لیبیا میں ترک فوجی دستوں سے ملاقات

ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار نے لیبیا کا خصوصی دورہ کیا۔ انہوں نے لیبیا میں ترک فوجی دستوں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔

لیبیا ٹاسک گروپ کمانڈ میں فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے ہلوسی آکار نے کہا کہ ترک فوج لیبیا میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ترک فوج ترکی کے 8 کروڑ 30 لاکھ شہریوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ دوسری طرف لیبیا میں قیام امن کے لئے ترک فوج کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک فوج اس وقت کئی محاذوں پر مصروف ہے۔ ایک طرف آذربائیجان کے نیگورنو کاراباخ میں ترک امن فوجی دستے خدمات انجام دے رہے ہیں تو دوسری طرف ترک شمالی قبرص میں بھی ترک فوج کام کر رہی ہے۔

ترک وزیر دفاع نے کہا کہ لیبیا میں اصل مسئلہ باغی ملیشیا کا ہے جو خلیفہ ہفتار کے کنٹرول میں ہے۔ اس وقت عالمی برادری کو لیبیا کی قانونی اور آئینی حکومت کو سہارا دینا ہو گا جسے اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ باغی ملیشیا کا سربراہ خلیفہ ہفتار لیبیا میں خانہ جنگی اور خون خرابے کا ذمہ دار ہے۔ اگر باغی خلیفہ ہفتار نے ترک مسلح افواج پر کسی بھی طرح حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے لیبیا میں 2011 میں کرنل معمر قذافی کی حکومت ختم ہونے کے بعد خانہ جنگی جاری ہے جس میں اب تک لاکھوں لوگ مارے جا چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ دیگر ممالک میں نقل مکانی کر گئے ہیں۔

Read Previous

ترکی: چین سے آنے والی ویکسین میں دو روز کی تاخیر

Read Next

2021 ترکی کے لیے اصلاحات کا سال ہو گا، رجب طیب ایردوان

Leave a Reply