ترکیہ دفاعی صنعت کے لیڈر میزائلز اور راکٹ سسٹمز کی پیداواری کمپنی ‘راکٹ سان’ نے، انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں منعقدہ، ‘انڈوڈیفنس ایکسپو اینڈ فورم 2022’ میں شرکت کی اور اہم سمجھوتے طے کئے۔
اس موقع پر ‘راکٹ سان’ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مراد قورتلش نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ "طے کردہ سمجھوتوں کے تحت ہم اپنی اوّلین مصنوعات مستقبل قریب میں انڈونیشین وزارت دفاع کے ہاتھ فروخت کریں گے۔ اس وقت دو مختلف موضوع زیرِ بحث ہیں۔ پہلا زمین سے زمین تک مار کرنے والا طویل المسافت آرٹلری سسٹم ‘خان’ ہے۔ یہ سسٹم 280 کلو میٹر تک اور جنگ زدہ علاقے میں اندر تک اثر انداز ہونے والا حساس ترین اور اہم ترین اسلحہ سسٹم ہے۔ خان سسٹم کو ہم، پہلی دفعہ انڈونیشیا کی فوج کو استعمال کے لئے پیش کریں گے۔”
قورتلش نے مزید کہا کہ "دوسرا موضوع تہہ در تہہ فضائی دفاع سے متعلق ہے۔ اس معاملے میں انڈونیشیائی وزارت دفاع کی ضروریات مختلف تھیں۔ ہم نے اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک نیا تکنیکی و مالیاتی ماڈل تشکیل دیا ہے۔ یہاں ہم، ملٹی لیئر فضائی دفاعی سسٹم کی پہلی مصنوعات، یعنی درمیانے اور طویل مسافت کے 2 مختلف سسٹم انہیں پیش کریں گے۔ آنے والے دنوں میں ہم، مختصر مسافت کے فضائی دفاعی سسٹمز کے معاملے میں بھی مذاکرات کریں گے”۔