
یوکرین کے وزیر خزانہ سرہائی مرشینکو نے ترکی کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے ترکی کی دفاعی صنعت سے جدید ہتھیار خریدے گا۔
دارالحکومت کائیو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوکرینی وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی صنعت میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو روس کی جارحیت کا سامنا ہے۔ اس ہائبرڈ جنگ میں جیت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے اور ترکی کے پاس ہر طرح کے جدید دفاعی ہتھیار موجود ہیں۔
انہوں نے صدر رجب طیب ایردوان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ 10 برسوں میں ترکی نے دفاعی صنعت میں انقلابی ترقی کی ہے۔ ترکی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کئی دفاعی کمپنیاں قائم کی گئیں جس سے ترکی خطے میں دفاعی ہتھیاروں کا ایک بڑا پروڈکشن ہاوْس بن گیا ہے۔
یوکرینی وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کا ملک ترکی کے ساتھ خارجہ پالیسی کے تحت ایسے معاہدے کرنا چاہتا ہے جس سے دونوں ملک مشترکہ طور پر دفاعی ہتھیاروں کی پیداوار شروع کر سکیں۔
یوکرین نے حال ہی میں ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسیل سان کے ساتھ اپنی فوج کے لئے جدید ہتھیاروں اور کمیونیکیشن کا جدید نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
انہوں نے ترکی کے ساتھ ڈرون طیاروں کی مشترکہ پیداوار شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنگی ڈرون تیار کرنے والی ترک کمپنیوں کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یوکرین ترکی کے ساتھ جدید بحری جنگی جہاز بھی بنانا چاہتا ہے۔ یوکرین کی ایک کمپنی آئیوشینگو پروگریس نے ترکی کی ڈرون تیار کرنے والی کمپنی اکنجی کو انجن فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔