ترکی نے فائٹر جیٹ طیاروں کا انجن مقامی طور پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے ترکی نے انجن تیار کرنے والی برطانوی کمپنی رولز رائس کے ساتھ مشترکہ طور پر جیٹ فائٹر طیاروں کا انجن تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا جس پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔
ترکی کی دفاعی ساز و سامان خریدنے کی سرکاری ایجنسی پریذیڈنسی آف ڈیفنس انڈسٹریز نے ایک مقامی کمپنی ٹی آر موٹرز کو فائٹر جیٹ طیاروں کے انجن کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے اور انجن مقامی طور پر تیار کرنے کا ٹھیکہ دے دیا ہے۔
روس سے S-400 ایئر ڈینفس میزائل خدیدنے کی پاداش میں امریکہ نے ترکی کو جدید F-35 جنگی طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد اپنی فضائیہ کو مقامی وسائل سے جدید طیارے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی مقصد کے لئے ترکی نے برطانیہ کی رولز رائس کمپنی کے ساتھ انجن کی مشترکہ تیاری کا معاہدہ کیا تھا جو اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انجن کی تیاری کے لئے ترکی کی جس مقامی کمپنی ٹی آر موٹرز کو ٹھیکہ دیا گیا ہے وہ دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی سرکاری کمپنی ہے۔
ٹی آر موٹرز نے ٹرکش ایئرو اسپیس انڈسٹریز کے ساتھ "TF-X ” پروگرام تیار کیا ہے جس کے تحت فائٹرز جیٹ کے لئے مقامی طور پر انجن تیار کئے جائیں گے۔
ٹی آر موٹر کے جنرل منیجر عثمان دور نے کہا ہے کہ ٹی ایف ایکس انجن کے ڈیزائن سے متعلق ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکی نے برطانیہ کی رولز رائس کمپنی کے ساتھ 10 کروڑ یورو کا معاہدہ کیا تھا تاہم یہ معاہدہ اس لئے منسوخ کر دیا گیا ہے کہ برطانوی کمپنی نے ٹیکنالوجی ٹرانسفر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔