ترکی میں ضعیف العمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ پروگرام کے تحت 75 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانا شروع کر دی گئی ہے۔
ترکی میں 14 جنوری سے چین سے آنے والی کورونا ویکسین "سینو ویک” لگانا شروع کی گئی تھی اور اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جس میں 10 لاکھ ڈاکٹرز، نرسیں اور ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔
ترکی کے کیئر ہومز میں 80 اور 90 سال کے افراد کو بھی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ اس وقت ترکی میں فارمیسی کے ملازمین اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
چین سے آنے والی سینو ویک ویکسین دو بار لگائی جائے گی۔ پہلی خوراک کے 28 دن بعد دوسری خوراک دی جائے گی۔
ترکی میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 25 ہزار 400 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 21 لاکھ 70 ہزار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 192 ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہو گئی ہے تاہم وبا سے 5 کروڑ 58 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔