ترکی نے شہریوں اور جانوروں کو بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ سے بچانے کے لئے اسمارٹ سسٹم نصب کر دیا ہے۔
جیسے ہی بجلی کے کسی کھمبے سے تکنیکی خرابی کے باعث کرنٹ خارج ہونے لگے گا تو اس پول سے آواز آنا شروع ہو جائے گی کہ پلیز مجھے مت چھوئیں۔
یہ سسٹم ترکی کی انرجیسا انجیئرنگ کمپنی نے تیار کیا ہے۔ فی الحال یہ سسٹم بڑے شہروں میں نصب کیا جا رہا ہے تاہم جلد ہی یہ پورے ترکی میں لگا دیا جائے گا۔
انرجیسا انجیئرنگ نے کہا ہے کہ جیسے ہی کسی تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کے پول سے کرنٹ خارج ہونے لگے گا اس کے صرف چند سیکنڈ کے اندر ہی نصب سسٹم سے آوازیں آنا شروع ہو جائیں گی جس سے شہریوں کو محتاط ہونے میں مدد ملے گی۔
آواز کے ساتھ ساتھ اس بجلی کے پول سے روشنی بھی نکلنا شروع ہو جائے گی۔ قریب سے گزرنے والے لوگ انرجیسا کمپنی کے 186 ٹول فری نمبر پر کال کر کے تکنیکی خرابی سے متعلق آگاہ کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر 3000 بجلی کے پولز پر یہ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے لیکن جلد ہی یہ سسٹم 30 ہزار پولز میں لگا دیا جائے گا۔ اسکول، اسپتال، تفریحی مقامات اور بڑے اسکوائرز پر یہ سسٹم ترجیحی بنیادوں پر لگایا جا رہا ہے۔