turky-urdu-logo

ترکی اور روس کی کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے کی مشترکہ حکمت عملی

روس اور ترکی نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے ایک مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے اور جلد ہی دونوں ممالک ویکیسن کے کلینیکل تجربات شروع کریں گے۔

تُرک وزارت صحت کے مطابق تُرکی کے وزیر صحت فہرتین کوشا نے اپنے روسی ہم منصب میخائل مُراشکوو کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی جس میں مشترکہ ویکسین تیار کرنے پر بات چیت ہوئی۔  

تُرکی نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے جو حکمت عملی اپنائی اس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ تُرکی میں ایک طرف کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور دوسری طرف یومیہ کیسز بھی کم ہو رہے ہیں۔ تُرکی میں معمولات زندگی یکم جون سے معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کاروباری و تجارتی مراکز سمیت سیاحتی مقامات بھی کھل رہے ہیں۔ تُرکی میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

اب تک تُرکی میں 22 سینٹرز کورونا وائرس ویکسین پر کام کر رہے ہیں جس میں سے چار سینٹرز نے ویکسین کا جانوروں پر تجربہ شروع کر دیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کی لیبارٹریز میں تیار کی جانے والی ویکسین کا جانوروں پر تجربہ کامیاب ہوا ہے۔ روسی وزیر صحت نے تُرکی سے کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے مشترکہ ریسرچ اور اس کی تیاری پر زور دیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ویکسین جلد تیار کر لی جائے۔ دونوں ممالک کے وزرائے صحت نے اس حوالے سے رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ تُرک وزیر صحت نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہےکہ ویکسین کی تیاری میں تُرکی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ تُرک وزارت صحت کا یورپین میڈیسنز ایجنسی سے قریبی رابطہ ہے اور ریسرچ میں یومیہ بنیادوں پر ہونے والی ڈیولپمنٹ پر مختلف ممالک کے ساتھ معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔  

Read Previous

ارطغرل کے پروڈیوسر پاکستان کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کے خواہاں

Read Next

بحیرہ روم میں اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے؛ ترکی

Leave a Reply