ترکی میں ستمبر کے دوران رہائشی گھروں کی خرید و فروخت میں 7 فیصد کمی آئی ہے۔ ترک ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں ایک لاکھ 36 ہزار 744 گھروں کی خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی۔ اگست کے مقابلے میں گھروں کی خرید و فروخت میں 7 فیصد کمی آئی۔
اگست میں ایک لاکھ 46 ہزار 903 گھر فروخت ہوئے تھے۔ ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ستمبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ترکی میں گھروں کی خریداری بڑھا دی۔ مجموعی طور پر غیر ملکیوں نے 5،269 گھر خریدے۔
استنبول غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش رہا۔ یہاں غیر ملکیوں نے 2،370 رہائشی گھر خریدے۔
بحیرہ روم کا ساحلی شہر انطالیہ دوسرے نمبر پر رہا۔ یہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 1108 گھر خریدے۔ 347 گھروں کی خریداری کے ساتھ انقرہ تیسرے نمبر پر رہا۔
غیر ملکی خریداروں میں ایرانی سرفہرست رہے۔ ایرانی شہریوں نے 908 گھر خرید لئے۔ دوسرے نمبر پر عراقی شہری رہے جنہوں نے 826 اور روسی 448 گھروں کی خریداری کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
رواں سال کے پہلے نو ماہ میں رہائشی عمارتوں کی خرید و فروخت میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 34.2 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری سے ستمبر کے دوران 11 لاکھ 60 ہزار رہائشی گھر فروخت ہوئے۔
اس مدت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 26 ہزار 165 گھر خریدے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 18 فیصد کم ہیں۔