turky-urdu-logo

پاک ترک افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے فوجی مذاکراتی گروپ کا اجلاس

ترکی پاکستان ہائی لیول ملٹری گروپ ڈائیلاگ کا 15 واں اجلاس انقرہ میں ہوا جس میں دونوں ملکوں کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

ترکش جنرل اسٹاف کے ڈپٹی چیف جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو اور پاکستان کے سیکریٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں محمد ہلال حسین نے اجلاس میں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

دونوں ملکوں نے فوجی تربیت میں مشترکہ تعاون، تعلیم، انسداد دہشت گردی اور دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے معاملات پر بات چیت کی۔ ترکی اور پاکستان نے دفاعی ہتھیاروں کی مشترکہ پیداوار اور خریداری پر بھی غور کیا۔

دونوں ملکوں کی فوج کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور افغانستان سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر گذشتہ سال اپریل میں پاکستان میں ہونے والے ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ گروپ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان رابطے کے لئے بنایا گیا ہے۔ یہ گروپ دونوں ملکوں کی فوج کے درمیان تعاون اور دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پالیسی اور ایکشن پلان تیار کرتا ہے۔ گروپ کا اگلا اجلاس 2021 میں پاکستان میں ہو گا۔

پاکستان کے سیکریٹری داخلہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ہلال حسین نے ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار کے ساتھ علیحدہ ملاقات بھی کی۔ اس کے علاوہ پاکستانی وفد نے ترکش ڈیفنس اسٹاف کے سربراہ یاسر گلیر، ہیڈ آف پریذیڈنسی آف ترکش ڈیفنس انڈسٹریز پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل دمیر، ترکش ایئر اسپیس انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جمیل کوتل سے بھی ملاقات کی۔

پاکستانی وفد نے ترک دفاعی کمپنیوں بیکر، اسیل سیان، ہیولسن اور ترکش ایئر اسپیس انڈسٹریز کا دورہ بھی کیا۔

Read Previous

ترکی: مزید 19 ہزار 6 سو 50 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

Read Next

ترکی: سال 2021 قومی ترانے کا سال منایا جائے گا

Leave a Reply