ایوان صدر کے ڈائریکٹر اطلاعات ،فخر الدین آلتن نے استنبول میں منعقدہ ، TRTورلڈ سٹیزن ایوارڈز پروگرام میں کہا ہے کہ، ترکیہ ایک مستحکم طاقت کے طور پر عالمی میدان میں استحکام کے قیام میں فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ترکیہ کی عالمی سیاست میں اہمیت اور کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
فخرالدین آلتن کا کہنا تھا کہ، ترکیہ کے صدر، رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ عالمی سطح پر انصاف اور سچائی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، اور یہ دنیا بھر میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، ترکیہ ایک عالمی کھلاڑی کے طور پر بین الاقوامی سیاسی منظر نامے میں اپنے وجود کا لوہا منوا رہا ہے۔
آلتن نے مختلف بحرانوں میں ترکیہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ، ترکیہ بہت سے بحرانی علاقوں میں، عالمی مسائل کے حل میں پیش پیش ہے۔ روس-یوکرین جنگ، فلسطین میں اسرائیل کی ظلم کی پالیسیوں، شام کے بحران، لیبیا میں تنازعہ اور ایتھوپیا و صومالیہ کے درمیان بحران کے حل میں ترکیہ، صدر ایردوان کی قیادت میں، فعال طور پر مداخلت کر رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ، ترکیہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور انصاف کے قیام کے لیے اپنے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
