ترکی نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک کروڑ ترکش لیرا (11 لاکھ ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
ترک انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز اتھارٹی نے کہا ہے کہ ٹوئٹر، فیس بک، یو ٹیوب، انسٹاگرام، پیری اسکوپ اور ٹک ٹاک مقامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں جس کے باعث ان پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔
ترکی نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کہا تھا کہ وہ ترکی میں اپنے دفاتر میں مقامی افراد کو نوکری دیں لیکن یہ تمام کمپنیاں ترک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
اس وقت ترکی میں یومیہ دس لاکھ بار ان سوشل میڈیا سائٹس پر ٹریفک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترکی نے یکم اکتوبر کو سوشل میڈیا سے متعلق ایک نیا قانون متعارف کروایا ہے جس میں ان تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 30 دن کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ ترکی میں اپنے دفاتر میں مقامی ترک شہریوں کو نوکری دیں لیکن ان کمپنیوں نے ترک قوانین پر عمل درآمد نہیں کیا۔
ترک انفارمیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ اگر یہ کمپنیاں اگلے 30 دن میں نئے قانون پر عمل نہیں کریں گی تو جرمانے کی رقم بڑھا کر 3 کروڑ ترکش لیرا کر دی جائے گی۔
60 روز تک بھی اگر ان کمپنیوں نے ترک قوانین پر سنجیدگی سے عمل نہ کیا تو ترک کمپنیوں نے ان ویب سائٹس پر اشتہار بند کر دیئے جائیں گے۔