ترکی کی استنبول بورسا اسٹاک مارکیٹ میں مقامی سرمایہ کاروں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اکتوبر میں ایک لاکھ 21 ہزار نئے سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ کا رخ کیا جس کے بعد مقامی سرمایہ کاروں کی تعداد 18 لاکھ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
استنبول اسٹاک مارکیٹ کی سینٹرل رجسٹری ایجنسی کے مطابق جنوری سے اکتوبر تک مقامی سرمایہ کاروں کی تعداد میں 6 لاکھ 77 ہزار 506 انویسٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں یہ تعداد 57 فیصد بڑھ گئی ہے۔
استنبول کی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے کا یہ مسلسل پندرھواں مہینہ ہے جو کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اکتوبر میں مقامی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں 94 کروڑ ترکش لیرا مالیت کے حصص خریدے۔ اس وقت استنبول کی اسٹاک مارکیٹ میں مقامی سرمایہ کاروں کی انویسٹمنٹ کا حجم 169 ارب ترکش لیرا کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔
لیکن دوسری طرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تعداد 11 فیصد کم ہو کر 1261 رہ گئی۔ تاہم غیر ملکی مالیاتی اداروں کی استنبول کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری 6.4 ارب ترکش لیرا اضافے کے بعد 195 ارب ترکش لیرا تک پہنچ گئی ہے۔