سال 2020 میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ترکی نے دنیا کے 83 ممالک کو پھول بیچ کر 11 کروڑ ڈالر کما لئے۔
ترکی کی اورنامنٹل پلانٹس اینڈ پروڈکٹس ایکسپورٹرز یونین کے مطابق گذشتہ سال مختلف ممالک کو 50 کروڑ 50 لاکھ سے زائد پھول فروخت کئے گئے۔
یونین کے صدر اسماعیل یلماز نے کہا کہ 2020 ایک مشکل ترین سال تھا کیونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث کاروبار میں مندی رہی لیکن اس کے باوجود پھولوں کے ترک تاجروں نے ہمت نہیں ہاری اور 11 کروڑ ڈالر کے پھول فروخت کئے۔ 2020 کے لئے پھولوں کی برآمدات سے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمانے کا ہدف رکھا گیا تھا۔
اسپین اور اٹلی میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث کسان پھولوں کی کاشتکاری نہیں کر سکے۔ دوسری طرف سفری پابندیوں کی وجہ سے بھی پھولوں کی تجارت متاثر ہوئی۔
2020 میں نیدر لینڈ ترکی کے پھولوں کا سب بڑا خریدار رہا۔ اس کے بعد برطانیہ، جرمنی، رومانیہ اور بلغاریہ نے ترکی سے پھول خریدے۔
اسماعیل یلماز نے کہا کہ پھولوں کی تجارت سے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا جو ہدف گذشتہ سال کے لئے رکھا گیا تھا وہ اس سال پورا کیا جائے گا۔