ترک انٹلی جنس ایجنسیز نے شام کے اندر کارروائی کرتے ہوئے کُرد دہشت گرد تنظیم پی کے کے کا ایک خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لیا
ابراہیم بابت جو کُرد دہشت گرد تنظیم پی کے کے کا بریگیڈ کمانڈر تھا اسے ایک انٹلی جنس آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابراہیم بابت نے 2011 میں پی کے کے کو جوائن کیا۔ وہ عراق، ترکی اور شام کی سرحد پر ترک افواج پر حملوں میں ملوث ہے۔
ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (مِت) کے ذرائع نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد ابراہیم بابت شہہ گوئی کے نام سے مشہور تھا اور ترک فوج پر کئی دہشت گرد حملوں کا ماستر مائنڈ بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق ابراہیم بابت اپنی گاڑی میں شام کے ایک علاقے سے گزر رہا تھا جب ترک انٹلی جنس اہلکاروں نے اسے گرفتار کر لیا اور اسے ترکی منتقل کر دیا۔
ترک سیکیورٹی فورسز گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش کر رہی ہیں۔ واضح رہے کُرد دہشت گرد تنظیم پی کے کے ترکی میں گذشتہ دس سال سے دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ اس تنظیم کے دہشت گرد حملوں میں اب تک ترکی میں 30 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں پولیس اور فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔