
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کو امریکہ کا اعلیٰ ترین فوجی ایوارڈ لیجن آف میرٹ کا اعزاز دیا
کویت کے 91 سالہ امیر کے سب سے بڑے بیٹے نے اپنے والد کا یہ ایوارڈ وصول کیا۔ امیر کویت اس وقت شدید علیل ہیں اور امریکہ میں ہی زیر علاج ہیں۔ ان کا علاج امریکہ کی منی سوٹا ریاست کے میو کلینک میں کیا جا رہا ہے۔
وہائٹ ہاوٗس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے صباح الاحمد امریکہ کے دیرینہ دوست اور پارٹنر ہیں۔ کویت نے مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگ میں ہمیشہ امریکہ کی حمایت کی۔ خاص طور پر داعش کے خلاف جنگ میں کویت کے امیر صباح الاحمد نے امریکی فوج کو سپورٹ کیا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور اختلافات کو دور کرنے کے لئے بھی امیرِ کویت نے اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ امریکہ کا لیجن آف میرٹ ایک اعلیٰ فوجی اعزاز ہے جو امریکہ کی آٹھ سیکیورٹی فورسز کو اعلیٰ کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔
یہ ایوارڈ غیر ملکی اور سیاسی شخصیات کو بھی امریکہ کے لئے بہترین خدمات انجام دینے پر دیا جاتا ہے۔