![](https://www.turkeyurdu.com/wp-content/uploads/2020/12/EUUU.jpg)
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس میشیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔
صدارتی شعبہ اطلاعات کے مطابق، چارلس میشیل نے یورپی یونین اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کےلیے صدر سے رابطہ کیا جس میں صدر ایردوان نے واضح کیا کہ ترکی اپنے مستقبل کویورپی یونین سےمنسلک دیکھتا ہے جو کہ دو طرفہ تعلقات میں اٹھائے جانے والے ہر مثبت اقدام کی پیروی کرے گا۔
صدر نے کہا کہ ہم نے یورپی یونین سے تعلقات میں نئے باب کے آغاز کے لیےکوششیں صرف کی ہیں جبکہ یہاں یہ ضروری ہے کہ ترکی۔یورپ تعلقات میں درپیش مسائل کا فوری حل تلاش کیا جائے، ترکی نے بارہا یونان سے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے مگر یونانی حکومت مختلف بہانوں کے ذریعے ان سے کنارہ اختیار کیے ہوئےہے اور مسلسل اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہی ہے۔
صدر نے کہا کہ ہماری پالیسیاں منصفانہ حقوق کا دفاع کرتی ہیں ،مشرقی بحیرہ روم میں ہم نے نیک نیتی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ تنازعات کے حل کے لیے عالمی کانفرنس کے انعقاد کی تجویز تاحال موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں شمالی قبرص کی شمولیت کو بھی ممکن بنایاجائے گا کیو نکہ جزیرہ قبرص میں پائیدار اور منصفانہ حل کی تلاش کےلیے ترکی نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی۔یورپی یونین تعلقات میں دو سالوں کے دوران بعض رکن ممالک کی جانب سے رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کےلیے مجھے امید ہے کہ یونین اس معاملے پر ضرور غور کرے گی، ابتدائی مرحلے کے طور پر اٹھارہ مارچ سن 2016 کا مہاجرین سے متعلق معاہدہ ہے جس کے تحت امید ہے کہ یورپی یونین ترکی کے حوالے سے مثبت موقف اپنائے گی ۔