ترک تعاون و رابطہ ایجنسی ٹیکا (TİKA) کے وفد نے رائزنگ سن ایجوکیشن سوسائٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں خصوصی بچوں کی جسمانی بحالی اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے ٹیکا کے تعاون سے قائم کیے گئے جم کی سہولت کا افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں ٹیکا کے نائب صدر ڈاکٹر علی ارجان، ترک قونصل جنرل لاہور مہمت ایمن شمشک، پاکستان میں ٹیکا کی کنٹری کوآرڈینیٹر صالحہ تُونا سمیت ترک وفد کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکا کے نائب صدر ڈاکٹر علی ارجان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکا پاکستان میں فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اہم قرار دیتے ہوئے پاک ترک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران رائزنگ سن ایجوکیشن سوسائٹی کے خصوصی بچوں نے ایک خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کیا، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت، دوستی اور بھائی چارے کو اجاگر کیا گیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
پروگرام کے اختتام پر خصوصی بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ ٹیکا کے تعاون سے قائم ہونے والی جم کی سہولت سے خصوصی بچوں کو جسمانی بحالی، ورزش اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول میسر آنے کی امید ہے۔
یہ منصوبہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان فلاحی شعبے میں جاری تعاون کی ایک اور مثال ہے جس کا مقصد خصوصی بچوں کے لیے بہتر سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہے۔
