turky-urdu-logo

کورونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، 92 سالہ خاتون نے وائرس کو شکست دے دی

تُرکی میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے تاہم وائرس سے متاثر مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں جس سے وائرس سے جلد جان چھوٹنے کی امیدیں بڑھتی جا رہی ہیں۔

وزیر صحت فہرتین کوکا نے کہا ہے کہ وائرس سے مریضوں کی ریکوری کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کے باعث امید ہے کہ تُرکی جلد ہی کورونا وائرس پر قابو پا لے گا۔

تُرکی میں اب تک 1296 افراد وائرس سے متاثر ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 98 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ایک اچھی بات یہ ہے کہ اب تک وائرس سے 3،600 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 511 مریض ریکور ہو چکے ہیں جو کسی ایک دن میں ریکور ہونے والے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ریکور ہونے والوں میں ایک 92 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔

92 سالہ بھیری کیا 31 مارچ کو کین اسٹیٹ اسپتال میں داخل کی گئیں تھیں۔ خاتون کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث اسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ خاتون کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال کے طبی عملے اور ڈاکٹرز نے تالیاں بجا کر رخصت کیا اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے گھر بھجوایا گیا۔ تُرکی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ حکومت نے 17 سے 19 اپریل تک تین روز کیلئے ملک بھر میں دوبارہ کرفیو نافذ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

Read Previous

کورونا وائرس: تُرکی میں تین دن کیلئے دوبارہ کرفیو نافذ کیا جائے گا

Read Next

تُرکی: کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہزاروں قیدی رہا کرنے کا فیصلہ

Leave a Reply