بریگیڈ کمانڈو کی 41 ویں تقریب میں صدر طیب ایردوان نے یونٹ کا پرچم اس کے فوجیوں کے حوالے کیا۔
یہ کپڑے کا پرچم دراصل فوج کے لئے ایک مقدس اثاثہ ہوتا ہے جو وہ میدان جنگ میں ہمیشہ بلند رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آباوٗ اجداد کی ہزاروں سال سے یہ روایت چلی آئی ہے کہ فوج میدان جنگ میں اپنا پرچم ہمیشہ اونچا رکھتی ہے جو دشمن کے دلوں میں ہیبت طاری کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک قوم کو اپنی فوج پر فخر اور اعتماد ہے۔ یہ پرچم فوج کے وقار اور عزت کی ایک علامت ہے۔ ہر سپاہی اس پرچم کی حفاظت کے لئے میدان جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتا ہے لیکن کسی صورت اس کو زمین پر نہیں گرنے دیتا۔
انہوں نے نئے تربیت یافتہ سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی فوج پر اعتماد ہے کہ وہ اپنے اجداد کی روایات کو زندہ رکھیں گے اور اس پرچم کی حفاظت کریں گے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ترک فوج کا ہر سپاہی اس پرچم کی عزت اور حرمت سے واقف ہے اور وہ اپنے بعد آنے والے سپاہیوں کو اسی طرح عزت و وقار کے ساتھ ان کے حوالے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے آج تک میدان جنگ میں جو بھی کامیابیاں حاصل کیں وہ سب بہادر فوج کی مرہون منت ہیں۔ ہر سپاہی کو ہر روز یہ ثابت کرنا ہو گا کہ وہ اپنے آباوٗ اجداد کے حقیقی وارث ہیں۔