ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ ٹی ۔20 کرکٹ ٹورنامنٹ 30 اگست سے شروع ہوگا جس کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کریں گے۔ یہ ایشیا کپ کا 16 واں ایڈیشن ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
یہ پہلا ایشیا کپ ہوگا جس کی میزبانی متعدد ممالک کریں گے۔ 4 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور بقیہ 9 میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
قبل ازیں ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جاتا رہا ہے ، یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ایشیا کپ ٹی۔20فارمیٹ میں کھیلا جا ئے گا۔ ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم ، ملتان میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 2 ستمبر کو پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، کینڈی میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جن میں پاکستان،دفاعی چیمپئن سری لنکا ،بھارت، بنگلہ دیش ، افغانستان اور نیپال شامل ہیں، ان 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا ، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
