سوئیڈن قرآن پاک کی بے حرمتی پر مسلم امہ سے معافی مانگے، پاکستان کی دینی جماعتوں کا مطالبہ

پاکستان کی بڑی اور منظم دینی و سیاسی تنظیم جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سوئیڈن کے وزیراعظم کو قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسے نذرِ آتش کرنے کے واقعے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور مسلم امہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

سویڈن کے سیاست دان ، راسمس پالوڈان کی جانب سے قرآن کریم نذرِ آتش کرنے پر پورے عالمِ اسلام میں غم و غصّے کے جذبات پائے جا رہے ہیں ۔

اسی سلسلے میں ، پاکستان میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن کے نام خط لکھا ہے ۔

خط میں مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے عالمِ اسلام سے معافی مانگیں ۔

خط میں لکھا گیا کہ ریاستی سرپرستی میں اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کر کے، سویڈن نے پولرائزیشن اور نفرتوں کا کاروبار کیا ہے ، یہ اپنی نوعیت کا پہلا یا اکلوتا واقعہ نہیں بلکہ مغرب مسلسل ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہا ہے ۔

اس کے علاوہ سویڈن کی حکومت نے اس گستاخانہ اقدام کے لیے جس مخصوص مقام کو چنا، یعنی سٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے باہر، اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ نیٹو میں شمولیت کے لیے بے تاب سویڈن اپنے مقصد کے حصول کے لیے کیسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

سراج الحق نے مغرب کے دوہرے معیار اور منافقت کا تذکرہ بھی کیا کہ آزادیِ اظہار کے نام پر دنیا کی ایک چوتھائی آبادی کے جذبات سے کھیلنے والے اور عقائد و شعائر کی توہین کرنے والے، ہولو کاسٹ کے انکار پر قابلِ تعزیر جرائم عائد کرتے ہیں ۔ خود سویڈن کی دوہری پالیسی بھی اسی ڈگر پر چل رہی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے واضح کیا کہ اس طرح کی قبیح اور صریحاً نفرت انگیز حرکات کے ذریعے، سویڈن اور مغرب مختلف طبقات کو پر تشدد ردِّ عمل کا بہانہ فراہم کر رہا ہے۔

 

Read Previous

پاکستانی سفیر کا دی نیشن لائبریری ترکیہ کا دورہ

Read Next

سفارت خانہ پاکستان انقرہ کی طرف سے پاکستانی شہریوں کے نام پیغام

Leave a Reply