Turkiya-Logo-top

شوبز انڈسٹری کا غیر ملکی مواد پر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پر اعتراض

پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی اہم تنظیموں نے غیر ملکی ٹی وی ڈراموں اور اشتہارات پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن، ایکٹرز کلیکٹو پاکستان اور ڈائریکٹرز گلڈ پاکستان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی مواد پر ٹیکس ختم کرنے سے مقامی ڈرامہ اور میڈیا انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

غیر ملکی مواد پر ٹیکس ختم

تنظیموں کے مطابق یہ ٹیکس 2013 اور 2014 میں مقامی میڈیا انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک دہائی سے جاری پالیسی کو ختم کرنے سے پہلے متعلقہ فریقین سے مشاورت اور معاشی اثرات کا جائزہ ضروری ہے۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی تخلیقی معیشت ٹیلی ویژن، فلم، ڈیجیٹل میڈیا، اشتہارات، موسیقی، اینی میشن، پوسٹ پروڈکشن اور دیگر شعبوں سے وابستہ ہزاروں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے۔

شوبز تنظیموں نے خبردار کیا کہ اگر غیر ملکی ڈراموں اور اشتہارات کی درآمد آسان ہو گئی تو مقامی فنکاروں، پروڈیوسرز، ہدایت کاروں، لکھاریوں اور تکنیکی عملے کے لیے کام کے مواقع کم ہو سکتے ہیں۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مواد کی واپسی سے مقامی فنکاروں اور تکنیکی ٹیموں کے روزگار کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

اداکار و ہدایت کار شمون عباسی نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نے کئی برسوں کی محنت کے بعد اپنی جگہ بنائی ہے، اس لیے غیر ملکی مواد کی غیر محدود واپسی مقامی صنعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

شوبز تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ فیصلے پر فوری عمل درآمد روکا جائے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے، معاشی اثرات کی رپورٹ سامنے لائی جائے اور تخلیقی شعبے کے تحفظ کے لیے قومی پالیسی بنائی جائے۔

تنظیموں کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس اصلاحات کے خلاف نہیں، تاہم ایسی کسی پالیسی سے پہلے بامعنی مشاورت ضروری ہے جو پاکستان کی تخلیقی صنعت اور اس سے وابستہ روزگار کو متاثر کر سکتی ہو۔

Read Previous

پاکستان کا بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے تحفہ، ایک ہزار فٹ بالز سرکاری اسکولوں میں تقسیم ہوں گے

Read Next

انڈیا کی ریاست مہاراشٹرا میں مسلم پرسنل لا کے دفاع پر ثناء ملک تنقید کی زد میں

Leave a Reply