Turkiya-Logo-top

پاکستان اور ترکیہ ایک دل میں دو روحوں کی مانند ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک دل میں دو روحوں کی مانند ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی دوستی، باہمی اعتماد اور مضبوط تعاون پر قائم ہیں۔

اسلام آباد میں ترکیہ کے 103ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک سفیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کے ہیں۔ برصغیر کے مسلمانوں نے تحریکِ خلافت کے دوران ترک عوام کی بھرپور حمایت کی اور خواتین نے اپنے زیورات تک عطیہ کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال معرکۂ حق کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی کھل کر حمایت کی، جس پر پاکستان ترک قیادت اور عوام کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے دفاع، تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان میں زلزلوں اور سیلاب کے دوران ترکیہ کی امداد کو بھی سراہا اور کہا کہ ترک صدر اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان نے مشکل وقت میں پاکستانی عوام کا ساتھ دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے تاریخی دوستی کو پائیدار تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں سیاسی، سفارتی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے مشترکہ طور پر کیک بھی کاٹا گیا۔

Read Previous

ترک معارف اسکول لاہور میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ترک ثقافت اور تاریخی قربانیوں کو خراجِ تحسین

Leave a Reply