Turkiya-Logo-top

ترک معارف اسکول لاہور میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ترک ثقافت اور تاریخی قربانیوں کو خراجِ تحسین

لاہور میں ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے ترک معارف انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالجز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ترکیہ کی تاریخ، جدوجہدِ آزادی، ثقافت اور پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ نے مختلف ثقافتی پرفارمنسز پیش کیں، جبکہ ترکیہ کی آزادی کے تاریخی سفر پر مبنی تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور مشترکہ تاریخی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

تقریب کے مہمانِ خصوصی لاہور میں ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشک تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ترکیہ کی جدوجہدِ آزادی اور اس تاریخی سفر میں برصغیر کے مسلمانوں کی حمایت اور قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بالخصوص ان خواتین کی خدمات کو اجاگر کیا جنہوں نے ترک قوم کی مدد کے لیے اپنے زیورات تک فروخت کر دیے۔ برصغیر کے مسلمانوں کی یہ حمایت دونوں قوموں کے درمیان تاریخی وابستگی اور اخوت کی نمایاں مثال ہے۔

ترک معارف انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالجز کے کیمپس ڈائریکٹر براق کاظم نے بھی اپنے خطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تحریکِ خلافت اور ترکیہ کی حمایت کے حوالے سے مولانا محمد علی جوہر کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے پاک ترک تعلقات کی تاریخی بنیادوں کو اجاگر کیا۔
تقریب میں طلبہ نے ترک ثقافت اور روایات کی بھرپور عکاسی کی۔ بچوں نے روایتی ترک لوک رقص پیش کرکے حاضرین کو ترکیہ کے ثقافتی رنگوں سے روشناس کرایا، جبکہ صوفی روایت سے وابستہ درویشوں کے مخصوص رقص کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے بھنگڑا اور دیگر علاقائی لوک رقص پیش کیے گئے، جنہوں نے تقریب کو مزید رنگا رنگ بنا دیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

اس موقع پر ترکیہ کی تاریخ اور جدوجہدِ آزادی سے متعلق تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں تاریخی واقعات اور آزادی کے سفر کو نمایاں کیا گیا۔ نمائش کا مقصد طلبہ کو ترکیہ کی تاریخ سے روشناس کرانا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخی تعلقات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ اس تقریب نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور تاریخی وابستگی کو نمایاں کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات محض سفارتی دوستی تک محدود نہیں، بلکہ مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور قربانیوں کی ایسی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں جو دونوں قوموں کو نسل در نسل ایک دوسرے کے قریب رکھے ہوئے ہیں۔

Read Previous

29 اکتوبر ترکیہ کا یوم جمہوریہ

Leave a Reply