برطانیہ میں بڑھتی مہنگائی ،شہریوں کے لیے گزارا کرنا مشکل

برطانیہ کی سب سے بڑی کنٹینر پورٹ کمپنی فیلکس اسٹو کے مزدور بھی تنخواہوں کے حوالے سے 8 روزہ ہڑتال پر چلے گئے جبکہ ملک میں دہائیوں بعد مہنگائی کی بلند ترین شرح کے باعث شہریوں کے لیے گزارا کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

مشرقی انگلینڈ کی بندرگاہ پر تقریباً 2 ہزار یونین ملازمین نے ہڑتال کرتے ہوئے کام چھوڑ دیا، احتجاج کرنے والے ملازمین میں کرین ڈرائیور، مشین آپریٹرز سمیت دیگر مزدور شامل ہیں، 1989 کے بعد فیلکس اسٹو میں کی جانے والی یہ پہلی ہڑتال ہے۔

فیلکس اسٹو ورکرز کی جانب سے یہ ہڑتال برطانیہ کی مختلف صنعتوں میں تنخواہوں اور ورکنگ کنڈیشنز سے متعلق پیدا ہونے والے تعطل کے دوران سامنے آئی ہے جبکہ اس سے قبل ریلوے ملازمین نے رواں ہفتے کے دوران جمعرات اور ہفتے کے روز ہڑتال کی۔

پوسٹل ورکرز رواں ماہ کے آخر میں 4 روزہ ہڑتال پر جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ٹیلی کام شعبے سے تعلق رکھنے والی بڑی کمپنی بی ٹی کو دہائیوں میں پہلی مرتبہ ہڑتال کے باعث بندش کا سامنا کرنا پڑے گا جب کہ ایمیزون کے گوداموں میں کام کرنے والا عملہ، مجرمانہ کیسز لڑنے والے وکلا اور ڈسٹ بینوں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے والے ملازمین بھی ہڑتال پر جانے والے دیگر افراد میں شامل ہیں۔

تنخواہوں میں اضافے کے یہ مطالبات مہنگائی کی بلند شرح کی وجہ سے ہیں جو گزشتہ ماہ 10 فیصد سے بڑھنے کے بعد 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جب کہ خوراک اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث لاکھوں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ہڑتال پر جانے والی کمپنی فیلکس اسٹو کے عملے کی نمائندگی کرنے والی یونائیٹ یونین کا کہنا ہے کہ کام رکنے سے بندرگاہ بری طرح سے متاثر ہوگی جب کہ کمپنی سالانہ 2 ہزار بحری جہازوں سے تقریباً 40 لاکھ کنٹینرز ہینڈل کرتی ہے۔

یونائیٹ یونین نے مہنگائی میں اضافے کی شرح سے اپنے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے اور دلیل دی ہے کہ پورٹ سے متعلق یہ شعبہ بہت منافع بخش کاروبار ہے۔

یونائیٹ یونین کے جنرل سیکریٹری شیرون گراہم کا کہنا تھا کہ وہ فیلکس اسٹو ورکرز کو تنخواہ میں معقول اضافہ دے سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ فیلکس اسٹو کی پیرنٹ کمپنی سی کے ہچیسن ہولڈنگ لمیٹڈ نے 2020 میں اپنے شیئر ہولڈرز کو تقریباً 10 کروڑ پاؤنڈز دیے ہیں۔

پورٹ آف فیلکس اسٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہڑتال پر جانے کا اقدام مایوس ہے اور تنخواہ میں اوسطاً 8 فیصد اضافے کی اپنی پیشکش کو مناسب قرار دیا۔

 

Read Previous

رواں سال 1.8ملین سیا حوں نے ترکیہ کا رخ کیا

Read Next

پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

Leave a Reply