
جنوبی اناطولیہ اور مشرق وسطی کے درمیان ترکیہ کے جنوبی صوبہ ہاتائے میں موجود قدرتی ماربل سے بنے فرش کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوگیا۔
جنوبی ترکیہ میں بنائے گئے اس فرش نے قدرتی سنگ مرمر سے بنے سب سے بڑے فرش کے طور پر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنائی ہے اور اب یہ فرش دنیا بھر سے سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بھی تیار ہے۔
اسے ہاتائے میونسپلٹی اور شہر کی مصطفی کمال یونیورسٹی کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہاتائے کے مئیر لتفو ساواس کا کہنا تھا کہ اس 1600 مربع میٹر فرش کو 44 شہروں سے لائے گئے مختلف رنگوں کے قدرتی سنگ مرمر کے پتھروں سے بنایا گیا ہے۔
یہ تقریبا 300 لوگوں کی سات ماہ کی محنت کے بعد مارچ میں مکمل ہوا جسے اب سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ یہ فرش شہر کی ہزاروں سال پرانی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس فرش کے ذریعے شہروں کی تہذیبوں کو ایک جگہ اکھٹا کرنا چاہتے تھے۔