turky-urdu-logo

قائد اعظم کا 144 واں یوم ولادت قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

برصغیر کے مسلمانوں پر احسان عظیم کرنے والے قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم ولادت آج پاکستان میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

آج دن کا آغاز صبح بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب سے ہوا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد کی سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے۔ مزار قئد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل عمر احمد بخاری تھے۔ انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے قائد اعظم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم سے اپیل کہ آئیں قائد کے نظریات، اتحاد، تنظیم اور نظم و ضبط کو اپنا کر ایک نئی قومی روح کے ساتھ ترقی کریں۔

انہوں نے کہا کہ قائد کو اپنے اللہ اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر پختہ یقین تھا۔ قوم تمام شعبوں میں قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرے۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لےے قائد اعظم کے نظریات پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔

برصغیر کے مسلمانوں کے پاکستان کی صورت میں ایک علیحدہ، آزاد اور خود مختار وطن دینے والے محمد علی جناح کراچی کے وزیر منشن میں 25 دسمبر 1876 کو پیدا ہوئے۔ کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قائد اعظم نے ابتدائی تعلیم کراچی کے سندھ مدرسة الاسلام سے حاصل کی اور میٹرک جامعہ ممبئی سے پاس کیا۔ اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن گئے۔

1895 میں 19 سال کی عمر میں لندن کی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگڑی حاصل کی اور ممبئی واپس آ کر وکالت کا آغاز کیا جہاں جلد ہی ان کا شمار ممبئی کے نامور وکلا میں ہونے لگا۔

1896 میں عملی سیاست میں حصہ لیا اور آل انڈیا نیشنل کانگریس میں شامل ہو گئے۔ جلد ہی قائد کو احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندووں کی جماعت ہے اور مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔

1913 میں مسلمانوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔ مسلم لیگ میں شامل ہونے کے بعد قائد اعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کرنے میں وقف کر دیئے اور بالآخر 14 اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کر لیا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔

Read Previous

ترکی نے جی ایس ایم ٹیکنالوجی کی نئی ای سِم جنریشن متعارف کروا دی

Read Next

پاکستان میں مسیحی برادری کرسمس منا رہی ہے

Leave a Reply