Turkiya-Logo-top

قومی القدس کمیٹی کی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی سے ملاقات

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی القدس کمیٹی کے وفد نے چیئرمین پاکستان مسلم لیگ راجا ظفر الحق کی قیادت میں ترکیہ کے پاکستان میں سفیر مہمت پاچاجی سے ملاقات کی۔ وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان عبد الشکور ، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی ، ایاز وزیر ، آصف لقمان قاضی اور طاہر رشید تنولی شامل تھے۔

راجا ظفر الحق نے غزہ میں جاری انسانی المیے اور منظم نسل کشی پر گفتگو کرتے ہوئے ترکیہ کے کردار کو سراہا ۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترک صدر رجب طیب ایردوان ، اہلِ غزہ پر جاری اس ظلم اور قتلِ عام کا سلسلہ ختم کروانے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کریں گے۔ یہ پوری پاکستانی قوم کی ترک صدر سے امید ہے۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو مزید فعال طور پر استعمال کیا جائے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے مسئلہِ فلسطین کا مستقل اور مؤثر حل تلاش کیا جائے۔ اسلامی تعاون تنظیم اس سلسلے میں اپنا سیاسی و سفارتی کردار ادا کرے۔ غزہ کے بچوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کے ارتکاب کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ۔

ترک سفیر مہمت پاچاجی نے پاکستانی عوام کے جذبات کی تحسین کی اور کہا کہ دنیا میں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو تو پاکستانی عوام اس پر تڑپ اٹھتے ہیں۔ ترک سفیر نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ترک حکومت ہر محاذ پر فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ ہم مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔

Read Previous

صدارتی طیارے کے بعد ترک فضائیہ کا طیارہ بھی مصر پہنچ گیا

Read Next

نیٹو کے سربراہ کا ترک صدر کے سویڈن کے نیٹو الحاق پروٹوکول پر دستخط کا خیرمقدم

Leave a Reply