ترکی کے مرکزی بینک کے گورنر ناجی آبال نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ٹرکش سینٹرل بینک کے بلاگ پر انہوں نے ایک تحریر لکھی جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں قیمتوں کے مستقل استحکام تک کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایک پُراعتماد مالیاتی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ اس وقت ترکی میں مہنگائی 15.61 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے خاصی پریشان ہے۔
مرکزی بینک کے گورنر نے کہا کہ معیشت کے اہم شعبوں کا مالیاتی پالیسی پر اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی بینک کی پوری کوشش ہے کہ قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ اور بینکوں کے ریزرو کی لازمی شرائط میں نرمی اس لئے کی گئی ہے تاکہ بینکوں کو کیش کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترکی میں بڑھتی ہوئی شرح سود کے باعث معاشی نمو کی رفتار سست ہو گئی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان بارہا شرح سود میں کمی کا مطالبہ کر چکے ہیں تاہم مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ جب تک مہنگائی کنٹرول نہیں ہوتی شرح سود میں کمی نہیں کی جا سکتی۔
