تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن اپنے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن کا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا جہاں انہیں ’گارڈ آف آنر‘ پیش کیا گیا۔
قبل ازیں صدر امام علی رحمٰن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دعوت نامے پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر تاجک صدر کا استقبال کیا۔
اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
دو روزہ دورے کے دوران تاجک صدر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے، اور دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستان اور تاجکستان دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کے ذریعے جڑے ہوئے برادر ممالک ہیں۔
یہ تعلقات باہمی احترام اور غیر معمولی ہم آہنگی پر مبنی ہیں، مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کا نکتہ نظر یکساں ہے۔
تاجکستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا سب سے قریبی پڑوسی ملک ہے، دونوں ممالک کے درمیان محض واخان راہداری واقع ہے، یہ قربت تاجکستان کو وسطی ایشیا میں پاکستان کا ایک اہم شراکت دار بناتی ہے۔
توقع ہے کہ تاجک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور بڑھتی ہوئی جیو اکنامک پارٹنرشپ کو مزید تقویت ملے گی۔