
صدر رجب طیب ایردوان اور روس کے صدر ولاد میر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفون پر بات ہوئی۔ بات چیت میں خطے کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکی کے صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر کے ساتھ بات چیت میں صدر ایردوان نے آذربائیجان کے ساتھ قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور روس کے ماہرین کاراباخ میں ریلوے لائن اور روڈ ٹرانسپورٹ کو محفوظ اور موثر بنانے کے لئے آذربائیجان کے ساتھ معاملات طے کریں تاکہ علاقے میں انفرا اسٹرکچر کا کام دوبارہ شروع کیا جا سکے۔
دونوں رہنماوٗں نے کاراباخ کے اغدام ضلع میں ترکی اور روس کے مشترکہ سینٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جو آرمینیا کی طرف سے سیز فائر کے معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ صدر ایردوان نے زور دیا کہ کاراباخ میں مستقل سیز فائر کے لئے ٹھوس اور منطقی اقدامات کئے جائیں۔ ترک اور روسی صدور نے شام کے معاملات کو جلد حل کرنے کا فیصلہ کیا اس کے ساتھ ساتھ لیبیا میں امن و استحکام کے لئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔