
تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان مسلم دنیا کے ایک نڈر اور بے باک سیاسی رہنما ہیں۔ دنیا میں جہاں کہیں مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے اس کے خلاف مسلم دنیا کی طرف سے سب سے توانا آواز صدر ایردوان کی ہوتی ہے۔ دنیا بھر کے مظلوم مسلمان ترک صدر ایردوان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں یہی وجہ ہے کہ مسلم دنیا میں صدر ایردوان کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور وہ مسلم دنیا کی ایک ہر دلعزیز شخصیت ہیں۔
ترکی اردو کی ویب سائٹ کے اجرا کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ گل نے کہا کہ اب پاکستان اور ترکی کو کئی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ یرداکل اور وفاقی وزیر امور کشمیر شہریار آفریدی تھے۔ سینیٹر طلحہ محمود اور دفاعی تجزیہ کار لیفٹننٹ جنرل نعیم لودہی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی تاجر برادری کی تعداد بھی موجود تھی۔
دونوں ملکوں کے سیاسی، سفارتی اور عسکری تعاون کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔ اب دونوں ملک میڈیا انڈسٹری میں ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ دنیا بھر میں مسلم امہ کی ایک مشترکہ آواز بلند ہو۔
انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام کی محبت دنیا میں مثال کے طور پر دی جاتی ہے۔ ترکوں کے ساتھ پاکستانیوں کی محبت لازوال ہے اور تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ جب بھی دونوں ملکوں میں کسی ایک پر کوئی پریشانی آتی ہے تو ایک دوسرے کی بھائیوں سے بڑھ کر مدد کرتے ہیں۔



