
صدر رجب طیب ایردوان، 6 فروری کو 7.7 اور 7.6 کی شدت سے آنے والے زلزلوں سے، متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں گے ۔
اطلاع کے مطابق صدر ایردوان زلزلہ زدہ اضلاع میں حالات کا اور امدادی کاروائیوں کا موقع پر جائزہ لیں گے۔
توقع ہے کہ صدر ایردوان سب سے پہلے زلزلے کے مرکز قہرامانماراش کی تحصیل پازارجک کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد ضلع حطائے میں متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیں گے۔
بدھ کو ڈیزاسٹر ایجنسی کی طرف سے اعلان کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، پیر کو ملک کے جنوبی حصے میں دو شدید زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد ترکیہ میں کم از کم 6 ہزار 2 سو 34 افراد ہلاک اور 37 ہزار 11 سو افراد زخمی ہوئے۔
7.7 اور 7.6 شدت کے زلزلوں کا مرکز قہرامانماراش صوبے میں تھا، جس نے 10 صوبوں کو متاثر کیا ۔
شام اور لبنان سمیت خطے کے متعدد ممالک نے 10 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ترکیہ میں آنے والے دو بڑے زلزلوں کو محسوس کیا۔
تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کو تیزی سے انجام دینے کے لیے، ترکیہ نے منگل کے روز 10 صوبوں میں تین ماہ کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے، جن میں ادانا، ادیامان، دیارباقر، غازیانتیپ، حطائے، قہرامانماراس، کلیس، ملاتیا، عثمانیہ، اور سانلیورفا شامل ہیں۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ صرف جمہوریہ ترک بلکہ اپنے جغرافیہ اور دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی کا سامنا ہے۔