پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(PPAF) کے وفد نے ترکیہ کے ترقیاتی ادارے ٹکا کے اسلام آباد دفتر کا دورہ کیا جس میں آزاد جموں و کشمیر میں زعفران کی کاشت کے لیے جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا، جبکہ 2027ء کے مشترکہ منصوبوں، زرعی شعبے میں تکنیکی معاونت اور مقامی روزگار کے مواقع بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
اس مشترکہ منصوبے کی بنیاد ٹکا پاکستان کی سربراہ صالحہ تونا اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو نادر گل بریچ کے دستخط کردہ مفاہمتی یادداشت سے رکھی گئی تھی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے نمائندوں اور منصوبے کے مقامی شراکت دار حمزہ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے حکام بھی موجود تھے۔ منصوبے کے تین بنیادی اہداف زعفران جیسی قیمتی فصلوں کی کاشت، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے زرعی طریقوں کا فروغ اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کو مضبوط بنانا ہیں۔

اس منصوبے کے تحت ضلع حویلی کی یونین کونسلز باسا اور کلامولہ میں زعفران کی کاشت جاری ہے۔ اکتوبر 2026ء میں 30 کسانوں، جن میں 12 خواتین بھی شامل ہیں، کے زعفران کے کھیتوں کو مویشیوں اور دیگر ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے باڑ لگانے کا انتظام کیا گیا۔ اس شراکت داری کا مقصد آزاد کشمیر میں زرعی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی آمدن بہتر بنانے اور مقامی آبادی کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔
