Turkiya-Logo-top

پولینڈ نے ترکیہ کو نیٹو کا اہم اتحادی قرار دے دیا، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پولینڈ نے ترکیہ کو نیٹو کے جنوب مشرقی محاذ کا ایک اہم اور قابلِ اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہونے والے دو روزہ نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر پولینڈ کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ راڈوسواف سکورسکی نے کہا کہ پولینڈ، نیٹو کے جنوب مشرقی محاذ پر ترکیہ کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ رابطوں کے سفارتی ذرائع کھلے رکھنے میں بھی ترکیہ کا کردار قابلِ قدر ہے، اسی لیے نیٹو اجلاس کا انقرہ میں انعقاد انتہائی موزوں فیصلہ تھا۔

دفاعی اخراجات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سکورسکی نے کہا کہ یورپی اتحادیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ حکومت کے بعد اپنے دفاعی اخراجات کو دوگنا کر دیا ہے، جبکہ پولینڈ اس وقت اپنی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً چار اعشاریہ آٹھ فیصد دفاع پر خرچ کر رہا ہے، جو نیٹو میں سب سے زیادہ شرحوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ پولینڈ ابتدائی ممالک میں شامل تھا جس نے ترکیہ کے بیرقدار ڈرونز خریدے، جبکہ اب تقریباً چار سو ملین ڈالر مالیت کے الیکٹرانک جنگی نظام کی خریداری کے معاہدے بھی کیے جا چکے ہیں۔

علاقائی سلامتی پر بات کرتے ہوئے پولینڈ کے وزیرِ خارجہ نے ایران اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کا اشتراک خطے کی سلامتی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہا ہے، جس کے باعث اتحادی ممالک کے درمیان یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔

انہوں نے یوکرین کی حمایت کو بھی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطۂ بحیرۂ اسود میں طاقت کے توازن اور یوکرین کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق یوکرین کی حمایت جاری رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اس مرحلے پر امداد روکنا غیر دانشمندانہ ہوگا۔

نیٹو اجلاس کے اختتام پر اتحاد کے رکن ممالک نے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مشترکہ پیداواری استعداد کو مضبوط بنانے اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کو اپنی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔

Read Previous

ترکیہ S-400 دفاعی نظام قطر یا یو اے ای کو فروخت کر رہا ہے، اعلان آج متوقع

Read Next

نیٹو سربراہی اجلاس: خاتونِ اول امینہ ایردوان کی میزبانی میںبچوں کی ڈیجیٹل حفاظت پر مشترکہ اقدامات پر زور

Leave a Reply