Turkiya-Logo-top

فلپائن میں 7.8 شدت کا ہولناک زلزلہ، متعدد ہلاکتیں، سونامی وارننگ جاری

منیلا: فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے کے قریب 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زلزلے کے بعد فلپائن، انڈونیشیا اور امریکی سونامی وارننگ سسٹم کی جانب سے سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا، جبکہ ساحلی آبادی کو فوری طور پر محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکے جنوبی فلپائن کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث کئی عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔
دریں اثنا، ڈیگوس شہر کے ماہایاہے پرائمری اسکول کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں زلزلے کے دوران اسکول کی عمارت کو شدید لرزتے اور احاطے میں موجود ایک چھت کو گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اساتذہ بچوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے مقام کی تصدیق اسکول کی عمارت، سیڑھیوں، پانی کے ذخیرہ ٹینک اور دیگر نمایاں نشانات کو پرانی تصاویر اور سیٹلائٹ ریکارڈ سے ملا کر کی گئی۔

فلپائن کے سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے کہ امدادی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ موجود ہے کیونکہ بعض علاقوں سے نقصانات کی مکمل اطلاعات ابھی موصول نہیں ہو سکیں۔

زلزلے کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر متاثرہ عمارتوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق فلپائن بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر” نامی زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کی مسلسل حرکت کے باعث اکثر طاقتور زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ حالیہ زلزلہ حالیہ برسوں میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

Read Previous

کاکروچ جنتا پارٹی کا پہلا بڑا احتجاجی مظاہرہ، سینکڑوں افراد کی شرکت

Read Next

لبنانی آرمی چیف کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل پاکستان جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقات

Leave a Reply